ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہلیال : 'مرن برت' دھرنے پر بیٹھے کسان اور بی جے پی کارکنان آمنے سامنے - تصادم روکنے مں پولس کامیاب

ہلیال : 'مرن برت' دھرنے پر بیٹھے کسان اور بی جے پی کارکنان آمنے سامنے - تصادم روکنے مں پولس کامیاب

Mon, 31 Oct 2022 13:54:22    S.O. News Service

ہلیال 31/ اکتوبر (ایس او نیوز) اپنے مطالبات منوانے کے لئے گزشتہ 35 دنوں سے دن رات احتجاجی دھرنے پر بیٹھے اور گزشتہ 3 دن سے 'مرن برت' شروع کرنے والے گنا کسانوں اور بی جے پی کارکنان اتوار کے دن آمنے سامنے آگئے اور ان کے بیچ ایک بڑا تصادم ہوتے ہوتے رہ گیا۔

بتایا جاتا ہے کہ شری رام سینا کے چیف پرمود متالک نے منی ودھان سودھا کے سامنے احتجاج پر بیٹھے کسانوں کی حمایت کے لئے پہنچے تھے ۔ اس دوران کسانوں کے لیڈر سندیپ بوباٹی نے بی جے پی لیڈر کے خلاف کچھ توہین آمیز فقرے کہے ۔ اس سے ناراض بی جے پی اراکین بڑی تعداد میں احتجاج کے مقام تک پہنچنے اور کسان لیڈروں سے جواب طلب کرنے کا منصوبہ بنایا۔

اس بات کی خبر ملتے ہی پولیس نے منی ودھان سودھا کے پاس حفاظتی بندوبست تیز کر دیا اور گیٹ میں کسی کے بھی داخل ہونے پر روک لگا دی ۔ ناراض بی جے پی اراکین بڑی تعداد میں شیواجی سرکل پر جمع ہوگئے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم لوگ کسانوں کے مطالبات کی حمایت کرتے ہیں ، اور انہیں انصاف  دلانے کے لئے سابق ایم ایل اے سنیل ہیگڈے نے بہت کوشش کی ہے ۔ اس کے باوجود کسان لیڈر سندیپ بوباٹی نے ان کے خلاف توہین آمیز کلمات کہے ہیں ۔ اس کی وضاحت بوباٹی کو کرنی ہوگی اور کھلے عام معافی مانگنی ہوگی۔

اس کے بعد بی جے پی کارکنان منی ودھان سودھا کے سامنے احتجاج کے مقام تک پہنچ کر اندر گھسنے کی کوشش کی مگر پولیس نے اس تصادم کو ناکام بنا دیا اور تھوڑی دیر کے لئے پیدا ہونے والی کشیدگی پر قابو پانے میں کامیاب ہوگئی ۔  


Share: